Thursday, July 10, 2014

Story of Sulah Hadabia aur Abou Jandal & Abou Baseer

صلح حدیبیہ اور ابو جندالؓ اور ابو بصیرؓ کا قصہ

        ؁6 ھ میں حضور‍‍ﷺ عمرہ کے ارادہ سے تشریف لے جارہے تھے۔ کفار مکہ کو اس کی خبر ہوئی اور وہ اس خبر کو اپنی ذلت سمجھے اس لیے مزاحمت کی اور حدیبیہ میں آپ کو رکنا پرا۔ جاں نثار صحابہ ؓ ساتھ تھے جو حضورﷺ پر جان قربان کرنا فخر سمجھتے تھے۔ لڑنے کو تیار ہو گے۔ مگر حضور‍ﷺ نے مکہ والوں کی خاطر سے لڑنے  کا ارادہ نہیں فرمایا اور صلح کی کوشش کی اور باوجود صحابہؓ کی لڑائی پر مستعدی اور بہادری کے حضورﷺ نے کفار کی اس قدررعایت فرمائی کہ ان کی ہر شرط کو قبول فرمالیا۔ صحابہؓ کو اس طرح دب کر صلح کرنا بہت ہی ناگوار تھا۔ مگر حضور ﷺ کے ارشاد کے سامنے کیا ہوسکتا تھا کہ جاں نثار تھے اور فرماں بردار ۔ اس لیے حضرت عمرؓ جیسے بہادروں کو بھی دبناپڑا۔ صلح میں جو شرطیں طے ہوئیں ان شرطوں میں ایک شرط یہ بھی تھی کہ کافروں میں سے جو شخص اسلام لائے اور ہجرت کرے مسلمان اسکو مکہ واپس کر یں اور مسلمانوں میں سے خدانخواستہ اگر کوئی شخص مرتد ہو کر چلا آئے تو واپس نہ کیا جائے یہ صلحنامہ ابھی تک پورا لکھا بھی نہیں گیا تھا کہ حضرت ابو جندلؓ ایک صحابی تھے جو اسلام لانے کی وجہ سے طرح طرح کی تکلیفیں برداشت کر رہے تھے اور زنجیروں میں بندھے ہوئے تھے اسی حالت میں گرتے پڑتے مسلمانوں کے لشکر میں اس امید پر پہنچے کہ ان لوگوں کی حمایت میں جا کر اس مصیبت سے چھٹکارا پاوں گا۔ ان کے باپ سہیل نے جو اس صلحنامے میں کفار کی طرف سے وکیل تھے اور اس وقت تک مسلمان نہیں ہوئے تھے۔ فتح مکہ میں مسلمان ہوئے انھوں نے اپنے صاحبزادے کے طمانچے مارے اور واپس لے جانے پر اصرار کیا۔ پھر حضورﷺ نے فرمایا کہ ایک آدمی مجھے مانگا ہی دے دو مگر وہ لوگ ضد پر تھے نہ مانے۔ ابو جندلؓ نے مسلمانوں کو پکار کر فریاد بھی کی کہ میں مسلمان ہو کر آیا اور کتنی مصیبتیں اُٹھا چکا اب واپس کیا جارہا ہوں اس وقت مسلمانوں کے دلوں پر جو گزررہی ہو گی اللہ ہی کو معلوم ہے مگر حضور‍‍ﷺ کے ارشاد سے واپس ہوئے حضورﷺ نے تسلی فرمائی اور صبر کرنے کا حکم دیا۔ اور فرمایا کہ عنقریب حق تعالیٰ شانہ تمھارے لیے راستہ نکالیں گے صلحنامے کے مکمل ہو جانے کے بعد ایک دوسرے صحابی ابو بصیرؓ بھی مسلمان ہو مدینہ منورہ پہنچے کفار نے ان کو واپس بلانے کے لیے دو آدمی بھیجے۔ حضور ﷺ نے حسب وعدہ واپس فرمادیا۔ ابو بصیر ؓ نے عرض بھی کیا کہ یا رسول اللہ ﷺ میں مسلمان ہو کر آیا ہوں۔ آپ مجھے کفار کے پنجہ میں پھر بیجتے ہیں۔  آپ ﷺ نے ان کو بھی صبر کرنے کو ارشاد فرمایا کہ انشااللہ عنقریب تمہارے واسطے راستہ کھلے گا۔ یہ صحابی ان دونوں کافروں کے ساتھ واپس ہوئے۔ راستہ میں ان میں سےایک سے کہنے لگا کہ یار تیری تلوار تو بہت نفیس معلوم ہوتی ہے۔ شیخی باز آدمی ذرا سی بات پہ پھول جاتا ہے۔ وہ نیام سے نکال کر کہنے لگا کہ ہاںمیں نے بہت سے لوگوں پر اس کا تجربہ کیا ہے۔ یہ کہہ کر تلوار ان کے حوالہ کر دی۔ انھوں نے اسی پر اس کا تجربہ کیا دوسرا ساتھی یہ دیکھ کر کہ ایک کو تو نمٹا دیا اب میرا نمبر ہے ۔ بھاگا ہوا مدینہ آیا اور حضوراکرم ﷺ کی خدمت میں حاضر ہوکر عرض کی کہ میرا ساتھی مر چکا ہے اب میرا نمبر ہے اسکے بعد ابو بصیرؓ پہنچے اور عرض کیا یا رسول اللہ ﷺ آپ اپنا وعدہ پورا کر چکے کہ مجھے واپس کر دیا اور مجھ سے کوئی عہد ان لوگوں کا نہیں ہے جس کی ذمہ داری ہو وہ مجھے میرے دین سے ہٹاتے ہیں اس لیے میں نے یہ کیا حضور ﷺنے فرمایاکہ لڑائی بھڑکانے والا ہے۔ کاش کوئی اس کا معین مدد گار ہوتا۔ وہ اس کلام سے سمجھ گے کہ اب بھی اگر کوئی میری طلب میں آئے گا تو واپس کر دیا جاوں گا۔ اس لیے وہاں سے چل کر سمندر کے کنارے ایک جگہ آ پڑے۔ مکہ والوں کو اس قصہ کا حال معلوم ہو ا تو ابو جندل ؓ بھی جن کا قصہ پہلے گزر چکا ہے چھپ کر وہیں پہنچ گے۔ اسی طرح جو شخص مسلمان ہوتا وہ ان کے ساتھ جا ملتا۔ چند روز میں یہ ایک مختصر سی جماعت ہوگئ۔ جنگل میں جہاں نہ کھانے کا کوئی انتظام نہ وہاں باغات اور نہ آبادیاں اس لیے ان لوگوں پر جو گزری ہوگی وہ تو اللہ ہی کو معلوم ہے۔ مگرجن ظالموں کےظلم سے پریشان ہو کر یہ لوگ بھاگتے تھے ان کا ناطقہ بند کر دیا۔ جو قافلہ ادھر کو جاتا اس سے مقابلہ کرتے اور لڑتے۔ حتی کہ کفار مکہ نے پریشان ہو کر حضور ﷺ کی خدمت میں عاجزی اور منت کی  اللہ کا اور رشتہ داری کا واسطہ دے کر آدمی بیھجا کہ اس بے سری جماعت کو اپنے پاس  بلالیں کہ یہ معاہدہ میں داخل ہو جائیں اور ہمارے لیے آنے جانے کا راستہ کھلے۔ حضور ﷺ کا اجازت نامہ جب ان حضرات کے پاس پہنچا تو ابو بصیر ؓ مرض الموت میں گرفتار تھے۔ حضور ﷺ کا دالانامہ ہاتھ میں تھا کہ اسی حالت میں انتقال فرمایا۔ 

1 comment:

  1. I think its a very strict and disciplianary story and our prophet accept all the points which are not belong to Muslims

    ReplyDelete