حضوراکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے طائف کے سفر کا
قصہ
نبوت مل جانے کے بعد نو سال تک نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم
مکہ میں تبلیغ فرماتے رہے اور قوم کی
ہدایت اور اصلاح کی کوشش کرتے رہے ۔ لیکن تھوڑی سی جماعت کے سوا جو مسلمان ہو گئی
تھی اور تھوڑے سے ایسے لوگوں کے علاوہ جو باوجود مسلمان نہ ہونے کے آپ کی مدد کرتے
تھے۔ اکثر کفار مکہ آپ کو اور آپ کے صحابہ کو طرح طرح کی تکلیفیں پہنچاتے تھے۔ مذاق اڑاتے تھے اور جو
ہو سکتا تھا اس سے درگزر نہ کرتے تھے۔ حضورﷺ کے چچا ابو طالب بھی ان ہی نیک دل
لوگوں میں تھے جو باوجود مسلمان نہ ہونے کے حضورﷺ کی ہر قسم کی مدد فرماتے تھے۔
دسویں سال میں جب ابو طالب کا بھی انتقال ہو گیا تو کافروں کو اور بھی ہر طرح کھلے
مہار اسلام سے روکنے اور مسلمانوں کو تکلیف پہنچانے کا موقع ملا۔ حضوراقدس ﷺاس
خیال سے طائف تشریف لے گے کہ وہاں قبیلہ ثقیف کی بڑی جماعت ہے اگر وہ قبیلہ مسلمان
ہو جائے تو مسلمانوں کو ان تکلیفوں سے نجات ملے اور دین کے پھیلنے کی بنیاد پڑ
جائے۔ وہاں پہنچ کر قبیلہ کے تین سرداروں سے بڑے درجے کے سمجھے جاتے تھے گفتگو
فرمائی اور اللہ کے دین کی طرف بلایا اور اللہ کے رسول کی یعنی اپنی مدد کی طرف
متوجہ کیا۔ مگر ان لوگوں نے بجائے اس کے کہ دین کی بات کو قبول کرتے یا کم سے کم
عرب کی مشہور مہمان نوازی کے لحاظ سے ایک نووارد مہمان کی خاطر مدارت کرتے صاف
جواب دے دیا اور نہایت بے رخی اور بداخلاقی سے پیش آئے ۔ ان لوگوں نے یہ بھی گوارا
نہ کیا کہ آپ یہاں قیام فرمالیں۔ جن لوگوں کو سردار سمجھ کر بات کی تھی کہ وہ شریف
ہوں گے اور مہذب گفتگو کریں گے ان میں سے
ایک شخص بولا کہ اوہو آپ ہی کو اللہ نے نبی بنا کر بھیجاہے۔ دوسرا بولا کہ اللہ کو
تمھارے سوا کوئی اور ملتا ہی نہیں تھا جس کو رسول بنا کر بیجھتے۔ تیسرے نے کہا کہ
میں تجھ سے بات کرنا نہیں چاہتا اس لیے کہ اگرتو واقعی بنی ہے جیسا کہ دعویٰ ہے تو
تیری بات سے انکار کر دینا مصیبت سے خالی نہیں۔ اور اگر جھوٹ ہے تو میں ایسے شخص
سے بات کرنا نہیں چاہتا اس کے بعد ان لوگوں سے ناامید ہو کر حضور اکرمﷺ نے اور
لوگوں سے بات کرنے کا ارادہ فرما یا کہ آپ تو ہمت اور استقلال کے پہاڑ تھے۔ مگر
کسی نے بھی قبول نہ کیا بجائے قبول کرنے کےحضورﷺ سے کہا کہ ہمارے شہر سے فوراََ
نکل جاو۔ اور جو تمھاری چاہت کی جگہ ہو وہاں چلے جاو۔ حضورﷺ جب ان سے بلکل مایوس
ہو کر واپس ہونے لگے تو ان لوگوں نے شہر کے لڑکوں کو پیچھے لگا دیا کہ آپ ﷺ کا
مذاق اڑائیں،تالیاں پیٹیں، پتھر ماریں۔ حتیٰ کہ آپ ﷺ کے جوتے مبارک خون کے جاری
ہونے سے رنگین ہو گے۔ حضورﷺ اسی حالت میں واپس ہوئے جب راستہ میں ایک جگہ ان
شریروں سے اطمینان ہو تو حضورﷺ نے یہ دعا مانگی۔
"اے اللہ تجھی سے شکایت کرتا ہوںمیں
اپنی کمزوری اور بیکسی کی اور لوگوں میں ذلت و رسوائی کی اے ارحم الراحمین تو ہی
ضعفا کا رب ہے اور تو ہی میرا پروردگار ہے۔ تو مجھے کس کے حوالہ کرتا ہے۔ کسی
اجنبی بیگانہ کے جو مجھے دیکھ کر ترش رد ہوتا ہے اور منھ چڑھاتا ہے یا کسی دشمن کے
جس کو تو نے مجھ پر قابو دے دیا۔ اے اللہ اگر تو مجھ سے ناراض نہیں ہے تو مجھے کسی
کی بھی پرواہ نہیں ہے۔ تیری حفاظت مجھے کافی ہے۔ میں تیرے چہرہ کے اس نور کے طفیل
جس ے تمام اندھیریاں روشن ہوگئیں اور جس سے دنیا اور آخرت کے سارے کام درست ہو جاتے
ہیں۔ اس بات سے پناہ مانگتا ہوں کہ مجھ پر تیرا غصہ ہو یا تو مجھ سے ناراض ہو تیری
ناراضگی کا اس وقت تک دور کرنا ضروری ہے۔ جب تک تو راضی نہ ہو تیرے سوا کوئی طاقت
ہے نہ قوت"۔
مالک الملک
کی شان قہاری کو اس پر جوش آنا ہی تھا کہ حضرت جبرئیل علیہ السلام نے آکر سلام کیا
اور عرض کیا کہ اللہ نے آپ کی قوم کی گفتگو جو آپ سے ہوئی سنی اور ان کے جوابات
سنے اور ایک فرشتہ کو جس کے متعلق پہاڑوں کی خدمت ہے۔ آپ کے پاس بھیجا ہے کہ آپ جو
چائیں اس کو حکم دیں اسکے بعد اس فرشتہ نے سلام کیا اور عرض کیا کہ جو ارشاد ہو
میں اس کی تعمیل کروں۔ اگر ارشاد ہو تو دونوں جانب کے پہاڑوں کو ملا دوں جس سے یہ
سب درمیان میں کچل جائیں اور جو سزا آپ تجویز فرمائیں۔ حضورﷺ کی رحیم و کریم ذات
نے جواب دیا کہ میں اللہ سے امید رکھتا ہوں کہ اگر یہ مسلمان نہیں ہوئے تو ان کی
اولاد میں سے ایسے لوگ پیدا ہوں جو اللہ کی پرشتش کریں اور اس کی عبادت کریں۔
یہ ہیں اخلاق اس کریم ذات کے جس کے ہم لوگ
نام لیوا ہیں کہ ہم ذرا سی تکلیف سے کسی کی معمولی سی گالی دیدینے سے ایسے بھڑک
جاتے ہیں کہ پھر عمر بھر اس کا بدلہ نہیں اترتا۔ ظلم پر ظلم اس پر کرتے رہتے ہیں
اور دعویٰ کرتے ہیں اپنے محمدی ہونے کا، نبی کے پیرو بننےکا۔ نبی کریم ﷺ اتنی سخت
تکلیف اور مشقت اٹھانے کے باوجود نہ بد دعافرماتے ہیں نہ کو بدلہ لیے ہیں۔
This is our real fact and we should adopted the manner of our prophet
ReplyDelete